سری نگر//پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم منوج کمار دویدی نے 21؍ جون کو منعقد ہونے والے یوگا کے آٹھویں بین الاقوامی دِن کی تقریبات کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جموںوکشمیر یوٹی میں یوگا ڈے منانے کے اِنتظامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ پرنسپل سیکرٹری کو یوگا پروگرام کے لئے چُنے گئے مقامات اور پروگرام کے احسن اِنعقاد کے لئے کئے گئے دیگر اِنتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں بین الاقوامی یوم یوگا کے لئے تین مقامات مارٹنڈ سن ٹیمپل اننت ناگ ، ایس کے آئی سی سی سری نگر اور جموں کے سرحدی شہر سچیت گڑھ کا اِنتخاب کیا گیا ہے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ متعلقہ محکموں سے بالخصوص پر مار ٹنڈ سن مندر اور سچیت گڑھ سرحدی علاقے میں تقریبات کے اِنعقاد کے لئے تمام منظور ی حاصل کی گئی ہے۔میٹنگ میں یوگا ٹرینروں کے اِنتظامات ، یوگا میٹ ، مرکزی تقریب کی ریہر سل ، ٹرانسپورٹیشن ، نشستوں کا اِنتظامات ، سجاوٹ ، ریفر یشمنٹ ، پبلسٹی ، پارکنگ ، شرکأ کی رجسٹریشن ، پینے کے پانی اور صفائی کی سہولیات ، طبی سہولیات اور دیگر ضروری اِنتظامات پر غور و خوض ہوا۔پرنسپل سیکرٹری نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اِس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے قریبی تال میل اور ہم آہنگی سے کام کریں کیوں کہ اِس تقریب کی بین الاقوامی اہمیت حاصل ہے اور یہ پوری دُنیا میں منایا جارہا ہے۔میٹنگ میں لاجسٹک اِنتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سٹیج ، قالین سازی ، بیک ڈراپ ، ہورڈنگز ، پنڈال اور راستے میں اشارے ، ایل اِی ڈی سکرینوں کے اِنتظامات وغیرہ شامل ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ شرکأ کی شناخت آیوش جموںوکشمیر کے ذریعہ کی گئی ہے جس میں متعدد شعبے بھی حصہ لیں گے اور مقامی کھیلوں کی مشہور شخصیات کو بھی شامل کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری منوج کمار دویدی نے تقریب کی اہمیت کے بارے میں بتاتے ہوئے متعلقین سے کہا کہ اِس پروگرام کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے لوگوں کو ان کی زندگی میں صحت وتندرستی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک تشہیری مہم چلانی چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ دو دِن کے اندر شرکأ کی رجسٹریشن کریں تاکہ جموںوکشمیر یوٹی میںاِس تقریب میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہونے والی مرکزی تقریب کے لئے لائیو فیڈ کے لئے رابطے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اِس موقعہ پر تینوں تقریبات کے لئے تین اِنچارج اَفسران اور رجسٹریشن کے لئے نوڈل اَفسران کو بھی نامزد کیا گیا تاکہ رجسٹریشن کو یقینی بنایا جاسکے۔