یواین آئی
فکیف//روس کی طرف سے ہفتے کے روز کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں یوکرین میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔یوکرینی حکام کے مطابق دارالحکومت کییف پر ہونے والے حملوں میں 11 افراد زخمی ہوئے۔ صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ فضائی حملے کے سائرن بجنے سے پہلے ہی شہری ڈھانچے نشانہ بن چکے تھے۔زیلنسکی کے مطابق یوکرینی فضائی دفاع زیادہ تر اہداف کو تباہ کرنے میں کامیاب رہا، تاہم بیلسٹک میزائلوں کو روکنا ممکن نہ ہو سکا۔ انہوں نے رواں ہفتے ترکی منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس میں طے کیے گئے فضائی دفاعی امدادی پیکیجز کی جلد فراہمی پر بھی زور دیا۔یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے چھ بیلسٹک میزائل، چھ کروز میزائل اور 121 ڈرون داغے۔ فضائی دفاعی نظام نے 111 ڈرونز اور کم از کم دو کروز میزائل مار گرائے۔دریں اثنا بحیرہ اسود کے ساحلی شہر اوڈیسا میں ایک میزائل حملے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا، جبکہ مشرقی شہر خارکییف میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شہری تجارتی ادارہ متاثر ہوا اور سات افراد زخمی ہو گئے۔حالیہ ہفتوں میں روس نے کییف اور اس کے نواحی علاقوں پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ رواں ماہ اب تک دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں ہونے والے حملوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دوسری جانب یوکرین بھی مقبوضہ جنوبی علاقوں میں روسی فوجی رسد کو نشانہ بنا رہا ہے۔ یوکرینی ڈرون فورسز کے سربراہ رابرٹ بروودی نے دعویٰ کیا کہ ان کے یونٹوں نے گزشتہ رات بحیرہ آزوف میں ایندھن بردار 21 جہازوں اور سات دیگر کارگو و معاون بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق صرف اس ہفتے کے دوران نشانہ بنائے گئے بحری جہازوں کی تعداد 76 تک پہنچ چکی ہے۔