کیف( یوکرین)//روسی حملے کے بعد یوکرین میں پھنسے ایک اور بھارتی طالب علم کی موت واقع ہوگئی ہے۔ جنگ زدہ یوکرین میں بھارتی شہری پھنسے ہوئے ہیں جن کی واپسی کے انتظامات اب تک پورے نہیں ہوسکے ہیں۔اسی دوران خوف، گھبراہٹ اور غیر یقینی صورت حال کے شکار ایک بھارتی طالب علم کو فالج ہوگیا۔ دماغ کی رگ پھٹ جانے کے باعث طالب علم ذہنی اور جسمانی طور پر مفلوج ہوگیا۔پنجاب سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے یوکرین آنے والے 22 سالہ طالب علم چندن جندال کو اسپتال لایا گیا جہاں دوران علاج اس کی موت واقع ہوگئی۔خیال رہے کہ دو روز قبل بھی ایک بھارتی طالب علم روسی فوج کا شیل لگنے سے ہلاک ہوگیا تھا اور یہ طالب علم بھی میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے یوکرین آیا تھا۔دو روز میں دو طلبا کی ہلاکت پر بھارتی وزارت خارجہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو فوری طور پر یوکرین کے شہر خارکیف کو چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔اس دوران ہندوستانی فضائیہ کا ایک سی-17 گلوب ماسٹر طیارہ بدھ کی صبح انسانی امداد لے کر یوکرین کے لئے روانہ ہوا، جس میں ادویات اور طبی آلات شامل تھے۔ طیارہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو بھی نکالے گا۔امدادی سامان میں دو ٹن ادویات اور طبی آلات کے ساتھ ساتھ ماسک، سرجیکل دستانے ، گرم کپڑے ، خیمے ، پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک، سلیپنگ میٹ اور سولر لیمپ شامل ہیں۔ آپریشن گنگا کے ایک حصے کے طور پر، گذشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین سے چھ پروازوں میں 1377 ہندوستانی اپنے گھروں کو روانہ ہوئے ، جس میں پولینڈ کی پہلی پرواز بھی شامل ہے ۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دی ’گذشتہ 24 گھنٹوں میں چھ پروازیں ہندوستان کے لیے روانہ ہوئی ہیں، اس میں پولینڈ سے پہلی پروازیں بھی شامل ہیں۔ مزید 1377 ہندوستانی شہریوں کو یوکرین سے واپس لایا گیا’۔ ہندوستانی شہریوں کو لانے کے لیے 26 پروازیں طے کی گئی ہیں اور پولینڈ اور سلوواک ریپبلک کے ہوائی اڈے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔
واپس آنے والے کشمیری طلباء
نئی دہلی ہوائی اڈے پر ہیلپ ڈیسک قائم
نئی دہلی//جموںوکشمیر ریذیڈنٹ کمیشن نئی دہلی نے یوکرین سے آنے والوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے نئی دہلی ہوائی اَڈے پر ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے۔یوکرین سے نئی دہلی پہنچنے والے جموںوکشمیر کے طلباء کا ہوائی اَڈے پر ریذیڈنٹ کمیشن کے اَفسران نے اِستقبال کیا۔ کمیشن کے عملے نے ان کی آمد پر ہرممکن مدد کی ۔ نئی دہلی میں قیام کرنے والوں کیلئے قیام و طعام کے اِنتظامات بھی کئے گئے ہیں۔مزید برآں ، جموں اور سرینگر کے لئے ان کے آگے کے سفر کے لئے ان کی ضروریات کے مطابق جموںوکشمیر حکومت کی طرف سے انہیں ہوائی ٹکٹیں بھی فراہم کئے گئے۔
یوکرین میں جموں کے 32 افراد
اہل خانہ سے رابطے میں ہیں:حکام
جموں//انتظامیہ نے کہا کہ وہ یوکرین میں موجود جموں کے تمام 32 افراد کے خاندانوں سے رابطے میں ہیں اور حکومت ان کی محفوظ واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ ان خاندانوں کی مدد کے لیے دو ٹیلی فون نمبر جاری کیے گئے ہیں، جن کے ارکان روسی فوجی حملے کی وجہ سے یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔انتظامیہ نے خاندانوں سے کہا ہے کہ وہ ٹیلی فون نمبر 01912571616 اور2571912 0191پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے کسی بھی قسم کی مدد طلب کریں۔ نیزڈویژنل انتظامیہ جموں نے تمام 10 اضلاع میں ضلع وار نوڈل افسران اور کنٹرول روم قائم کئے ہیں۔