نئی دہلی// آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کے مینٹڑ اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز وریندر سہواگ کا خیال ہے کہ اگر یوراج سنگھ اس ورژن میں ٹیم کو اپنے بل بوتے پر دو تین میچ بھی جتا دیتے ہیں تو ان پر لگایا گیا پیسہ وصول ہو جائے گا ۔سہواگ نے یوراج کو آئی پی ایل میں ان کے دو کروڑ روپے کی بنیاد ی قیمت پر ہی خریدے جانے کے سوال پر منگل کو اپنی ٹیم کے پریس کانفرنس میں کہا کہ میرے لیے یہ اچھی بات ہے کہ یوراج ہماری ٹیم کو ان کی بیس پرائس پر ہی مل گئے ۔یوراج ایک میچ فاتح کھلاڑی ہیں اور وہ اکیلے اپنے طور پر ٹیم کو جتا سکتے ہیں۔اگر وہ ٹورنامنٹ میں پنجاب کو دو تین میچ بھی جتا جاتے ہیں تو ہمارا ان پر لگایا ہوا پیسہ وصول ہو جائے گا۔سابق ہندستانی اوپنر نے ساتھ ہی کہا کہ امید ہے کہ اس بار ہم نے اچھے پیسے خرچ کر ایک اچھی ٹیم تیار کی ہے ۔میرا خیال ہے کہ آپ کی ٹیم میں کچھ ایسے ہندوستانی کھلاڑی ہونے چاہیں،جو اب فعال ہوں اور کسی نہ کسی شکل میں کھیل رہے ہوں۔ہمارے پاس چار پانچ ایسے ہندوستانی کھلاڑی ہیں جو قومی ٹیم کے لیے مختلف شکل میں کھیل رہے ہیں۔