شبیر ابن یوسف
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو یہاں یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں سیکورٹی گرڈ کے کام کاج اور سیکورٹی سے متعلق تمام پہلوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں شامل سیکورٹی فورسز اور ایجنسیوں کے افسران نے کہا، “کشمیر میں دہشت گردوں کے ذریعہ شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کے لیے شروع کیے جانے والے مختلف اقدامات اور سرحدوں پر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔”عہدیداروں نے بتایا کہ فوج، پولیس اور دیگر سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلی افسران نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جو کہ پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ وادی میں پرامن موسم سرما کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں کو پیشگی تیار رکھا جائے کیونکہ سیاحوں کی آمد پوری طرح بڑھنے کو ہے۔ اجلاس میں مبینہ طور پر مشاہدہ کیا گیا کہ دہشت گردوں پر مسلسل دبا برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔حکام نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ایسے حملوں سے بچنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کے حالیہ جرائم میں ملوث دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔