کراچی/ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو بطور بیٹنگ کوچ مستقل بنیادوں پر پاکستانی ٹیم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں انگلینڈ کی سیریز کے لئے مقرر کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کی اچھی کارکردگی اور مثالی رویے سے کھلاڑیوں کے ساتھ ہیڈ کوچ مصباح الحق بے حد خوش ہیں۔ اس سلسلے میں سی ای او وسیم خان اور مصباح الحق کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ انگلینڈ کی سیریز کے بعد انہیں طویل معاہدے کی پیشکش کا امکان ہے۔ پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اس وقت سینئر بیٹسمینوں کے ساتھ ساتھ جونیئر بیٹسمینوں پر بھی کام کررہے ہیں۔ ماضی میں اپنے سخت گیر موقف کی وجہ سے مشہور یونس خان نے حیران کن طور پر اپنا رویہ تبدیل کیا ہے اور وہ کھلاڑیوں میں گھل مل گئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ بھی انہیں بیٹنگ کوچ بناکر خوش ہے۔ یونس خان موجودہ دورے میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ، کوچنگ کے ساتھ ساتھ ان کے مثبت مائنڈ سیٹ پر کام کر رہے ہیں۔ یونس خان کہتے ہیں میں ماضی کی باتوں کو بھول کر آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس میں ان سے زیادہ میری اپنی غلطی ہو۔ اگر نہ ماضی بھولا ہوتا تو آج یہاں موجود نہ ہوتا۔ صرف اس دورے کے لیے بیٹنگ کوچ بنا ہوں لیکن میں یہ کبھی بھی نہیں کہوں گا کہ مجھے بہت کم وقت ملا۔ میری پوری کوشش ہے کہ میں کھلاڑیوں میں ایک ایسی سوچ بیدار کرنے میں کامیاب ہو جاؤں جو انھیں ان کے پورے کیریئر میں کام آسکے۔ میرے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ بیٹسمین صرف اس سیریز میں نہیں بلکہ پورے کیریئر میں کامیاب ہو سکیں۔ اگر یہ نہ ہوسکاتو تسلیم کروں گا کہ میں نے کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف کوپاکستانی ہائی پرفارمنس سینٹر تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان ہائی پرفارمنس سینٹر کے ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ سابق کپتان محمد یوسف اور آل راونڈر عبدالرزاق کا تقرر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی پی سی ایسوسی ایشنز کے کوچز کا جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نئے کوچز کی تقرری کے لئے پی سی بی نے مختلف انٹرویوز کئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔