بلال فرقانی
سرینگر // یوم ولادت باسعادت(عید میلاد النبیؐ) آج پوری دنیا کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس دن کی مناسبت سے درمیانی شب پوری وادی میںروح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔وادی میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں رات بھر شب خوانی کی پر رونق محفل آراستہ ہوئی۔وادی کے دیگر علاقوں سرینگر کے علاوہ قصبوں اور دیہات کی مساجد، خانقاہوں، درگاہوں اور امام باڑوں میں و دوردواذکار کی روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا۔مساجد اورعمارتوں کو برقی قمقموں سے نہایت خوبصورت انداز سے سجایا گیا تھا، جبکہ سڑکوں ،گلیوں ، بازاروں اورگھروں پربھی چراغاں کیاگیا۔
شہر سرینگر سمیت وادی کے مختلف قصبوں اور دیہات میں آج بڑے بڑے اجتماع منعقد ہو ئے ۔درگاہ حضرتبل کے علاوہ جناب صاحب صورہ، آثار شریف پنجورہ، کعبہ مرگ اور اہم شریف بانڈی پورہ میں لوگ موئے مقدس کے دیدار سے فیضاب ہونے کیلئے امڈ آئے تھے۔ اننت ناگ ،شوپیان ،کولگام ،بارہ مولہ ،گاندربل ،کپواڑہ ، تر گام شادی پورہ ،بیروہ ،بڈگام،ٹنگمرگ ،کنگن اور پلوامہ کے علاوہ دیگر قصبوں و دیہات میں جشن میلاد ؐ کے سلسلے میں تقریبات ہوئیں۔ درگاہ حضرت بل میں شب خوانی میں شرکت کرنے کی غرض سے وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہزاروں عقیدت مند دوپہر کے بعد ہی وہاں پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ ٹریفک پولیس نے حضرتبل پہنچنے والی اور وہاں سے واپس روانہ ہونے والی گاڑیوں کیلئے روٹ پلان پہلے ہی مرتب کیا تھاجبکہ زائرین کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی انتظامیہ اور وقف بورڈ کیساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی خصوصی انتظامات کئے تھے۔زائرین کو درگاہ شریف حضرت بل تک لانے اورلے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کئی رضاکار تنظیموں نے زائرین کیلئے جگہ جگہ لنگر اور مشروبات کا انتظام کیا ہے اور یہ سہولیات دستیاب رکھنے میں وقف بورڈ پولیس ایس آر ٹی سی محکمہ صحت اور پانی کے علاوہ فورڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے علاوہ کئی رضاکار تنظیموں نے اہم رول ادا کیا تھا۔
وقف بورڈ جلوسِ میلاد کا اہتمام کرےگا
یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے عید میلاد النبیؐ کے مقدس موقعہ پر لوگوں کو مبارک بادی دیتے ہوئے کہا کہ امسال بورڈ کی قیادت میں سرینگر میں میلاد جلوس بر آمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ میلاد جلوس ایک روایت کی ابتدا ہوگی۔موصوفہ نے ہفتے کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کے امن، ہم آہنگی، راست بازی اور روحانیت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے سامنے آپؐ کے ایمان کے حقیقی چہرے کو پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن انسانیت کے لئے امن اور روحانیت کے جشن کا دن ہے اور امن و ہم آہنگی کے پیغمبرؐ کے صحیح پیغام کو پھیلاتے ہوئے ہمیں اپنے روحانی ماضی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد
نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ ٍاپنے ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’عید میلاد النبیؐ‘‘کے پرمسرت موقع پر میں سب کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں ، محسن انسانیت نے ہمیں ہمدردی ، محبت اور صالح زندگی کی راہ دکھائی ، ان کی آفاقی محبت اور ہمدردی کی تعلیمات ہم میں سے ہر ایک کو ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ رہنے اور سب کیلئے امن ، خوشحالی اور خوشی لانے کی رہنمائی کرے ۔ ‘‘