بوٹہ کدل سے جڈی بل تک عزاداروں کی مرثیہ ونوحہ خوانی، سوگواروں کی بھاری شرکت
سرینگر//10ویں محرم الحرام کو یوم عاشورہ کے موقع پر شیعہ عزاداروں کا روایتی ذوالجناح جلوس بدھ کی صبح بوٹا کدل سے جڈی بل، سرینگر تک نکالا گیا۔اسکے علاوہ واد ی بھر میں شیعہ آبادی والے علاقوں میں سوگواروںنے علم شریف کے جلوس نکالے۔سب سے بڑے جلوس، جوبوٹہ کدل سے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوا ، میں ہزاروں شیعہ سوگوار ذوالجناح کے ساتھ تھے۔بوٹا کدل سے جڈی بل تک ذوالجناح کے جلوس کے دوران ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے ایک تفصیلی ایڈوائزری بھی جاری کی تھی۔وادی کے دیگر مقامات پر ذوالجناح کے جلوسوں میں ہزاروں عزا داروں نے نوحہ و مرثیہ خوانی کی۔اس دوران انتظامیہ کی جانب سے انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے ماتحت افسران کے ہمراہ شعیہ آبادی والے علاوہ کا دورہ کر کے یہاں ہر طرح کے سہولیات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ وادی میں سب سے بڑا ماتمی جلوس جڈی بل اور بڈگام میں برآمد ہوئے۔ ان میں مرد و زن، بوڑھے اور بچوں نے شرکت کی۔ماتمی جلوسوں میں شبیہ علم، ذوالجناح اور شبیہ تابوت شامل تھے جبکہ عزادار نوحہ و مرثیہ خوانی کر رہے تھے۔
جلوسوں کے راستوں پر جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا ۔بوٹہ کدل لالبازار سے لے کر جڈی بل تک تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی اورپوری شاہراہ عزاداروں سے بھری پڑی ہوئی تھی۔ ادھروسطی کشمیر کے شیعہ اکثریتی قصبہ بڈگام میں تاریخی ماتمی جلوس میرگنڈ سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستے ڈی سی آفس روڑ سے ہوتے ہوئے سنیچر کی شام دیر گئے بڈگام میں اختتام پذیر ہوگا۔ سرینگر کے بمنہ علاقے میں بھی عزاداروں نے ماتمی جلوس نکالاجس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پلوامہ کے کئی علاقوں میں بھی جلوس برآمد ہوئے جن میں گانگو، وکھرون، ہانجی کلو ، ہتھ کوہل اور پنر ترال شامل ہیں۔اننت ناگ کے صوفی پورہ ،ولرہامہ ،پہلگام، شانگس چھترگل ،شاہودیوسراور دیگر علاقوں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔ گاندربل کے بوٹہ کولن کنگن ،ڈب گاندربل ،اندر کوٹ ،سمبل ،گومت پورہ ،نوگام اور دیگر علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں عزا داروں نے جلوس نکالے۔لداخ خطے کے کرگل اور لیہہ اضلاع میں یوم عاشورہ کی مناسبت سے ذوالجناح کے بڑے جلوس بر آمد ہوئے۔