سرینگر//حضرت علیؓ کے یوم ضربت اور شب قدر کے سلسلے میں مرکزی امام باڑہ بڈگام میں شب خوانی اورمجلس عزامنعقد ہوئی ۔موصولہ بیان کے مطابق مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ مجلس عزامیں مجلس عزاکے ساتھ ساتھ شب قدر کے خصوصی اعمال انجام دئے گئے۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے امیر المومنین حضرت علی ؓکی سیرت اور مسجد کوفہ میں شہادت کے واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوںنے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کی نصرت و حمایت اور اسلام کی دعوت و حفاظت میں حضرت علیؓ کا کردار واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابن ملجم نے 19ماہ رمضان کو روزہ اور سجدہ کی حالت میں حضرت علیؓ کے سر مبارک پر زہر آلود ضربت لگائی اور تین دن کے بعد اُنؓ کی شہادت واقع ہوئی ۔آغا حسن نے کہا کہ 19رمضان المبارک سے لیکر 21ماہ رمضان المبارک وابستگان امامت و ولایت کے لئے روز عاشورا سے کم نہیں۔19ماہ رمضان المبارک کو بھی امام باڑہ بڈگام میں نماز ظہرین کے بعد یوم شہادت علیؓ کے سلسلے میں مجلس عزا منعقد ہوئی اور آغا نے موقعہ کی مناسبت سے مجلس پڑھی۔ مجلس عزاکا یہ سلسہ 21ماہ رمضان المبارک تک جاری رہے گا ۔