عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسپکٹر جنرل پولیس وی کے بردی نے جمعہ کو یہاں کہا کہ کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون سپوٹ سمیت کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔آئی جی پی نے بخشی سٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ جو لوگ 26 جنوری کو وادی کشمیر کی سب سے بڑی تقریب میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے مناسب اور محفوظ انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ کثیر سطحی حفاظتی انتظامات اور تقریب کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرونز کی شکل میں انتہائی گہری نگرانی کیساتھ سیکورٹی کے کڑے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔بردی نے لوگوں سے 26 جنوری کے پروگراموں میں بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والے ملی ٹینٹوں سمیت “برے عناصر” پر بھی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا”پولیس کا اپنا( SOP)معیاری آپریٹنگ طریقہ کارہے۔ برے عناصر پر نگرانی رکھنے کا ایک طریقہ ہے اور ہم یہ کارروائیاں قانون کے مطابق کر رہے ہیں‘‘۔منشیات کے کاروبار میں ملوث کچھ بڑی مچھلیوں کے قانون کی گرفت سے فرار ہونے کے الزامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بردی نے کہا کہ اگرچہ یہ تحقیقات کا موضوع ہے لیکن عادی مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔فل ڈریس ریہرسل میں ڈویژنل کمشنر کشمیر وی کے بدھوری نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا”یہ لوگوں کا تہوار ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں شرکت کریں، ہم نے بخشی سٹیڈیم کو پنڈال کے طور پر منتخب کیا تاکہ لوگ بڑی تعداد میں آ سکیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس سال انتظامات پچھلے سال کے مقابلے بہتر ہیں۔ اس نے مزید کہا”میں لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں آئیں، اپنے ساتھ صرف ایک آئی کارڈ رکھیں اور کسی خاص پاس وغیرہ کی ضرورت نہیں ہے، کوئی بھی تقریب میں شرکت کے لیے آ سکتا ہے‘‘۔