صوبائی پولیس سربراہ نے حفاظتی بندوبست کاجائزہ لیا
سرینگر//یوم آزادی کی تقاریب کواَحسن طریقے سے انجام دینے کیلئے کشمیرکے صوبائی پولیس سربراہ وی کے بردی، نے افسروں کورات کے دوران خاص طور سے رات کے دوران اوراہم مقامات اور شہر اورقصبوں کے داخلی راستوں پرگشت بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔پولیس کنٹرول روم سرینگر میں حکام کیساتھ ایک میٹنگ میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں تفویض اپنے فرایض کو درستگی اور منصوبہ بندی کیساتھ انجام دیں۔انہوں نے امن وقانون میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کی سختی سے نگرانی کرنے پرزوردیا۔تقاریب کواحسن طور انجام دینے کیلئے انہوں نے نقل وحمل کے حوالے سے بھی اضافی ہدایات دی۔صوبائی پولیس سربراہ نے وادی بھر میں شاہراہوں، ریلوے ٹریکس اور ریلوے سٹیشنوں کے تحفظ کیلئے نافذ حفاظتی پروٹوکول کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں افسروں نے یوم آزادی تقاریب کے سلسلے میں کئے گئے حفاظتی بندوبست کی جانکاری دی۔ تمام طے شدہ تقریبات کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت چوکسی، بہتر تال میل، اور سیکورٹی ضابطوں پر موثر عمل درآمد کے اجتماعی عزم کے ساتھ میٹنگ کا اختتام ہوا۔میٹنگ میں آئی جی پی سیکورٹی جموں و کشمیر، آئی جی پی ریلوے، آئی جی بی ایس ایف ہیڈکوارٹرز، آئی جی سی آر پی ایف سرینگر، جے ڈی ایس آئی بی سرینگر، کشمیر زون کے تمام رینج کے ڈی آئی جی، آئی آر کشمیر، آرمڈ کشمیر، سی آئی ڈی کشمیر، ٹریفک جموں، ایس ایس بی سرینگر، آر پی ایف سرینگر، سی آر پی ایف سرینگر، سی آر پی ایف سرینگر، سی آر پی ایف، جنوبی سرینگر، سی آر پی ایف سرینگر یا سی آر پی ایف سرینگر کے افسران نے شرکت کی۔