عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//15اگست یوم آزادی اور ترنگا ریلی کی تقریبات کے سلسلے میں سیکورٹی کے مجموعی منظر نامے اور انتظامات کے بارے میں ایک اعلیٰ میٹنگ میںجائزہ لیاگیا۔ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے افسران سے سیکورٹی انتظامات اور تقاریب کے پرامن انعقاد کیلئے بنائے گئے سیکورٹی پلان کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔ آئی جی پی نے ان تقریبات کے انعقاد کیلئے کئے جانے والے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تمام ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ میٹنگ کے دوران ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی نے افسروں کو خاص طور پر رات کے اوقات میں ناکوں کو بڑھانے اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ یوم آزادی تقاریب کیلئے اضافی چوکسی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے نیز وہ مختلف سطحوں پر بنائے گئے مشترکہ میکانزم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ حساس مقامات اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 24گھنٹے خصوصی چوکیاں قائم کریں۔انہوں نے افسران کو سخت چوکس رہنے کی ہدایت کی۔