عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، آنند جین کے ساتھ ایم اےسٹیڈیم کا دورہ کرکے یوم آزادی 2024 کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی جموں سانبہ کٹھوعہ، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر جموں، ایس ایس پی جموں، ایس ایس پی سیکورٹی، ایچ او ڈیز، پولیس اور سول انتظامیہ کے سینئر افسران موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ محکموں کی طرف سے کئے گئے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا جن میں بیٹھنے کے انتظامات، سیکورٹی، پارکنگ، انٹری گیٹس، شرکاء اور شہریوں کی آمدورفت کی سہولت، بجلی، پینے کا پانی، طبی سہولیات، صفائی، سجاوٹ، بیت الخلاء اور دیگر انتظامات شامل تھے۔ تمام محکموں سے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضروری انتظامات کو پہلے سے ہی حتمی شکل دی جائے۔محکمہ ٹریفک سے کہا گیا کہ وہ پارکنگ کے مقامات کی وسیع تشہیر کریں جہاں سے آر ٹی سی بسیں شہریوں کو مقام تک لے جائیں گی۔فلوری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو پنڈال کو سجانے کے لیے کہا گیا تھا جبکہ محکمہ صحت سے کہا گیا تھا کہ وہ پنڈال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی ٹیم فراہم کرے۔