ایجنسیز
نئی دہلی /بھارتی کرکٹ کے ’’کنگ‘‘ ویرات کوہلی اور کرکٹ کے ’’سکسر کنگ‘‘ یوراج سنگھ کے درمیان دراڑکے حوالے سے قیاس آرائیوں نے زور پکڑلیا۔سابق کرکٹر یوراج سنگھ کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس نے اس افواہ کو طول دیا ہے، بھارت کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 فتح کے بعد یوراج سنگھ نے اپنی پوسٹ میں تقریباً تمام بھارتی کرکٹر کی تعریف کی مگر ویرات کوہلی کا نام تک نہ لیا۔بھارت کی جیت کے بعد یووراج سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی لیکن انہوں نے حیران کن طور پر ویرات کوہلی کا ذکر کیا نہ انھیں ٹیگ کیا۔اس کے بجائے یوراج نے دوسرے کھلاڑیوں کی جی بھر کر تعریف کی، ان کی اس پوسٹ کی وجہ سے کرکٹ کے دونوں اسٹارز کے درمیان چپقلش کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔اپنی پوسٹ میں یوراج نے لکھا ’’کتنا شاندار فائنل تھا! چیمپئنز ٹرافی وطن واپس پہنچ گئی،’’ہٹ مین‘‘روہت شرما کی شاندار کپتانی، جس نے پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی غیر معمولی قیادت کی، آئی سی سی ٹورنامنٹس کی بات آتی ہے تو روہت اپنی ہی ایک لیگ میں ہیں۔یوراج نے شریاس آئیر، شبمن گل، کے ایل راہول اور ہاردک پانڈیا کی کارکردگی کو بھی سراہا جبکہ انھوں نے رویندرا جدیجا، کلدیپ یادیو، اکشر پٹیل، ورون چکرورتی اور محمد شامی کی بولنگ کی بھی تعریف کی۔اس پوسٹ میں یوراج نے متعدد کھلاڑیوں کو ٹیگ کیا، تاہم کوہلی کو نظرانداز کرنے پر دو کرکٹ لیجنڈز کے درمیان تناؤ کی افواہوں زور پکڑ گئی ہیں، شائقین اور میڈیا کی جانب سے اس پر چہ مگوئیاں ہورہی ہیں۔