صنعا// اقوام متحدہ کے مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھ کا کہنا ہے کہ یمن میں جنگ بندی امن کی جانب پہلا قدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق یمنی بندرگاہ حدیدہ میں باغیوں اور یمنی فورسز کے درمیان جنگ بندی ہے جسے اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریفتھ نے امن کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق گریفتھ کا کہنا تھا کہ یمنی جنگ کے خاتمے اور امن کی جانب اب ایک امید کی نئی کرن نظر آرہی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کو انہوں نے بتایا کہ اب عملی اقدامات ہوتے نظر آرہے ہیں، حدیدہ سے آئندہ ہفتے باغی اپنے جنگجو اور حکومت اپنی فورسز واپس بلا لیں گے، جبکہ دیگر دو چھوٹی بندرگاہوں سے بھی جزوی طور پر فورسز کا انخلا دیکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حدیدہ میں فائربندی کے ذریعے حکومتی فورسز اور باغیوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ معاہدے کی پاس داری کر سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مندوب نے یمنی تنازعے کے فریقین پر زور دیا کہ وہ ڈیل کے پہلے مرحلے پر مکمل عمل درآمد کریں اور دوسرے مرحلے کی تفصیلات بھی طے کریں۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں یورپی ملک سویڈن میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے امن مذاکرات میں دونوں فریقن کے درمیان حدیدہ شہر میں جنگ بندی سمیت کئی نکات پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد یمن میں گذشتہ کئی برسوں سے جاری جنگ کے ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی۔