سرینگر //یوروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دئے جانے کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف گلوبل اسلامک ریسرچ فاونڈیشن نے پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے امریکی صدر کے خلاف نعرے بازی کی ۔احتجاج میں سرینگر ضلع کی مساجد کے ائمہ کرام نے شرکت کی ۔احتجاج کرتے ہوئے ائمہ کرام نے کہا کہ وہ اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ عالمی اسلامک ریسرچ سے وابستہ مولانا ہلال احمد ندوی نے اس دوران اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ اس فیصلے کو واپس نہیں لے گی تو ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قبلہ اول ہے اور کوئی بھی مسلم اس کو اسرائیل کا حصہ قبول نہیں کرتا اور نہ ہی کبھی کرے گا ۔احتجاج کرتے ہوئے مولانا ہلال ندوی نے کہا کہ اس سنگین مسئلہ پر تمام مسلمان اداروں کے سربراہان کو اپنے مسائل کو یکطرف چھوڑ کر اس حساس معاملے پر متحدد ہو کر امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کرنا چاہئے جس کی آج ضرورت ہے ۔