اسلام آباد //بھارت کے ہائی کمشنر اجے بسریا پاکستان تحریک انصاف کے صدر عمران خان سے ملے اور اُنہیں الیکشن میں کامیابی ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ بھارتی سفارتکار کرکٹر سے سیاستدان بنے عمران خان سے اُن کی بنی گالہ میں موجود رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقعے پر انہوں نے عمران کے ساتھ مختلف امورات پر بات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سرفہرست تھا۔ بھارتی سفارتکار نے اس موقعے پر اُنہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کی طرف سے دستخط کیا ہوا بیٹ بھی پیش کیا۔ بھارتی ہائی کمشنر نے عمران خان کو بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی طرف سے بھی مبارکباد پیش کی ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاملات جن میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے پر بات چیت کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان نے کشمیر میں ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور یہ اُمید ظاہر کی کہ بھارت اسلام آباد میں ہورہے سارک سمٹ میں شرکت کرے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر اور عمران خان کے درمیان یہ ملاقات ،30جولائی کو وزیراعظم نریندر مودی نے پی ٹی آئی چیف عمران خان کو انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک بادپیش کرنے کے بعد ہوئی۔ ہائی کمنشر نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو ٹیلی فون کرنے کے بعد بھارت میں ایک نئی امید پیدا ہوئی کہ دونوں ملکوں کے درمیان رشتے اب صحیح سمت میں آگے بڑھیں گے۔ اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر فیصل جاوید خان نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ بھارت کے تین کرکٹ کھلاڑیوں جن میں کپل دیو، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں ، کو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 18اگست2018کو وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔