بارہ مولہ//شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ڈویژن کے متعدد ڈاک گھرو ں کو ایک تقریب کے دوران انڈیا پوسٹ پی مینٹس بینک سے جو ڑ دیا گیا ۔اس موقع پر سپر انٹنڈنٹ ڈاکخانہ جات برائے شمالی کشمیر وجے کمار چودھری نے کہا کہ بارہ مولہ ڈویژن میں 5اضافی ڈاک گھرو ں جن میں بانڈی پورہ ،نادی ہل ،اونگام اور بنہ کوٹ میں ابتدائی طور انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک کھول دئے گئے اور دسمبر کے آخر تک بارہ مولہ ڈویژن کے باقی ڈاک گھرو ں کو اس سکیم کے دائرے میںلایا جائے گاتاکہ دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر لوگو ںکو ان کے دروازے پر رقومات ادا کی جائیں۔وجے کمار چودھری نے کہا کہ اس سکیم سے دیہی علاقوں کے لوگو ں کو فائدہ ملے گا اور اس سے دیہی قتصادیات کو فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ریاستی اور مرکزی دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین ، مائیگرنٹس ،کواپریٹو سوسائٹیز ،بزرگ پنشنرو ں اور تاجرو ں کے علاوہ سماج کے دیگر طبقوں کو اس سکیم کے دائرے میں لائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔یہ خدمات 650شاخوں اور 3250اضافی مراکز پر مہیا ہوںگے ۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت 17کرو ڑ پوسٹل سیونگ کھاتو ں کو منسلک کیا جاسکتا ہے اور سرکا ر نے رواں سال کے آخر تک 1.55لاکھ ڈاک گھرو ں کو انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک سے منسلک کرنے کا ہدف مقررکیا ہے، جبکہ اس سکیم کے تحت گاہک اپنے کھاتے میں 1لاکھ روپیہ تک بیک وقت جمع کر سکتے ہیں ۔انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک کا مقصد نئی بینک خدمات کو وسیع تر بنانا ہے اور اس کے تحت ڈاکیہ یہ خدمات لوگو ں کے گھر تک پہنچائیں گے ۔کھاتہ کھولنے ،نقدی جمع کرانے یا نکالنے ،رقم کی ترسیل اور سرمایہ کاری جیسے مختلف سہولتیں دوردراز اور دیہی علاقوں کے لوگ گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں ۔ ہیڈ پوسٹ آفس بارہ مولہ میں منعقدہ اس تقریب پر ممبر اسمبلی بارہ مولہ جاوید حسن بیگ مہمان خصوصی تھے۔