ہینڈ پمپ کی تنصیب میں مہینوں کی تاخیر

سمت بھارگو
 راجوری//راجوری کے لر کوٹ علاقے کے مکینوں نے ہینڈ پمپوں کی تنصیب کے عمل کو مکمل کرنے میں ناکامی پرگروانڈ واٹر شعبہ کے حکام کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کے علاقے میں خاص طور پر گرمی کے موسم میں پانی کا شدید بحران رہتاہے اور یہ معاملہ انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا تھا جس کے بعد ان کے علاقے میں پانی کے ہینڈ پمپ لگانے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہینڈ پمپ کی بنیاد جنوری کے مہینے میں تیار کی گئی تھی اور سطح کے نیچے پائپ لائنیں ڈال دی گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ گاؤں کی آبادی کو بتایا گیا کہ ان پمپوں کی تنصیب کا زیر التوا کام دو ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور گاؤں کے ہر شخص اس امید کے ساتھ خوش تھاکہ ان کا پانی کا بحران ختم ہو جائے گاتاہم انہوں نے کہا کہ ان کی خوشی قلیل رہی کیونکہ محکمہ کی افرادی قوت نے زیر التواء کام کو دوبارہ شروع کرنے کی زحمت تک نہیں کی جو کہ ابھی بھی نا مکمل ہے۔مقامی معززین نے بتایا کہ پمپ ابھی تک نصب نہیں ہوئے اور گاؤں کی آبادی کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیاتاکہ مقامی آبادی کو راحت مل سکے ۔ضلع انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ مذکورہ معاملہ کو ذہن میں رکھا گیا ہے ۔