عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ میں ہٹ اینڈ رن کیس میں ملوث شخص کو عدالت نے 2سال قید کی سزا سنائی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وائیلو کوکر ناگ منظور حسین کی عدالت نے غلام جیلانی ملک ولد امبر الدین ملک ساکن زلنگام کوکرناگ نامی شخص کو ہٹ اینڈ رن کیس میں مجرم قرار دیا۔ کیس پر دلائل دیتے ہوئے پبلک پراسکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم گاڑی کو بے دھیانی اور لاپرواہی سے چلا رہا تھا جس کی وجہ سے وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، سڑک سے ہٹ کر متوفی راہگیر کو اس طرح ٹکر ماری گئی جس کے نتیجے میں متوفی کے اہم اعضا پر شدید چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔ انہوںنے دلیل دی کہ لاپرواہی اور جلد بازی کے عنصر کا اندازہ ملزم کے مبینہ فعل کے نتیجہ سے لگایا جا سکتا ہے، جو کہ موجودہ کیس میں متاثرہ کی موت ہے۔ استغاثہ اور وکیل دفاع کو سننے کے بعد جج نے ملزم کو مجرم قرار دیا اور ایک کیس میںتین ماہ کی مدت کی قید سنائی جبکہ دوسری دفعہ میں دو سال کی قید اورمقتول کے اہل خانہ کو 5000 روپے جرمانے کی ادائیگی کی سزا سنائی۔