سرینگر//ہوائی سفر کے بڑھتے کرائیوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار گذشتہ 4سال کے دوران مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ سرینگر کیلئے ہوائی کرایہ میں بے تحاشہ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کا سیاحتی شعبہ پہلے ہی متاثر ہوگیا ہے اور بچی کچی کثر حد سے زیادہ ہوائی کرایہ پُر کررہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ مرکزی وزارتِ شہری ہوا بازی کی نوٹس میں بار بار بے تحاشہ کرائیوں کا معاملہ اُٹھایا گیا تاہم ابھی تک کرائیوں کو اعتدال میں لانے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ہوائی کرائیوں کے بے تحاشہ اضافہ روکنے کیلئے کارگر اقدامات اٹھائے۔ پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پیٹرول مصنوعات میں بے تحاشہ اضافہ سے عام آدمی بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے راحت پہنچانے کے مرکزی سرکار کے دعوے مکمل طور پر سراب ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کے اِس بیان کہ، اس وقت پیٹرول کی قیمت میں یکمشت25روپے کم کئے جاسکتے ہیں، نے مودی سرکار کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔