عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموںوکشمیر اکیڈمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لینگویجزنےابھینو تھیٹر جموں میں ’ ہندی دیوس ‘ کا اہتمام کیا ۔ پورے دن کی تقریب ہندی زبان کے فروغ اور تحفظ کیلئے وقف تھی جس میں پورے خطے کے طلباء کی پر جوش شرکت کے ساتھ مباحثے اور شاعری کی تلاوت سمیت دلکش سرگرمیاں شامل تھیں ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اپنی تقریر میں انہوں نے ہندی کی ایک متحد زبان اور ہندوستان کے ثقافتی ورثے کی علامت کے طور پر اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے نوجوان نسل کی اپنی لسانی جڑوں سے مضبوط تعلق برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہندی صرف ایک زبان سے کہیں زیادہ ہے یہ ہماری بھر پور ثقافتی شناخت کا نچوڑ ہے اور قومی اتحاد کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری سریش کمار گپتا نے تقریب کے انعقاد میں جے کے اے اے سی ایل کی کوششوں کی تعریف کی اور طلباء کو ہندی ادب کی دولت کو تلاش کرنے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز زبان سے محبت پیدا کرتے ہیں اور مستقبل کے شاعروں ، ادیبوں اور اسکالرز کو فروغ دیتے ہیں ۔ سیکرٹری محکمہ ثقافت دیپکا شرما بھی اس موقع پر موجود تھیں جنہوں نے اس تقریب کی اہمیت میں اضافہ کیا ۔ ممتاز سکالرز پروفیسر اشوک کمار ، ڈاکٹر پرشوتم کمار ایسوسی ایٹ پروفیسر ہندی شعبہ اور ڈاکٹر بھگوتی دیوی اسسٹنٹ پروفیسر ہندی شعبہ نے ہندی کی اہمیت اور عالمگیر یت پر بصیرت افروز مقالے پیش کئے ۔ شاعری اور مباحثہ کے مقابلوں میں مختلف سکولوں اور کالجوں کے 30 کے قریب طلباء نے حصہ لیا ۔