نئی دلی//پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار وانکوانی مذہبی رسومات کے سلسلے میں بھارت میں موجود ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاکستان کسی کو اپنی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال نہیں کرنے دیگا۔سندھ سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رکن قومی اسمبلی رمیش کمار وانکوانی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے، وہ ان دنوں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بھارت میں موجود ہیں۔دہلی میں موجود رمیش کمار نے سماء ڈیجیٹل سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت میری بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کے بعد پڑوسی ملک سے بیانات میں مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔رمیش کمار کا دورہ بھارت ایسے وقت شروع ہوا جب 14 فروری کو پلوامہ میں خودکش کار بم حملے میں درجنوں بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مودی اور سشما کو بتایا کہ میں امن کا پیغام لے کر بھارت آیا ہوں، بھارتی وزیراعظم مجھے دیکھ کر بہت پرجوش تھے۔رمیش کمار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نریندرا مودی اور سشما سوراج کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کسی کو بھی اپنی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، ہمیں دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کیلئے کام کرنا ہوگا، انہیں یہ بھی بتایا کہ پاکستانی حکومت یا اداروں کا پلوامہ حملے سے قطعی کوئی تعلق نہیں۔