یو این آئی
ہنوئی// لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کل کہا کہ ہندوستان اور ویتنام کے درمیان مضبوط دو طرفہ دفاعی تعاون علاقائی اور بین الاقوامی امن، علاقائی سلامتی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔مسٹر برلا ہندوستانی پارلیمانی وفد کے ساتھ ویتنام کے تین روزہ دورے پر آج ہنوئی پہنچے جہاں انہوں نے ویتنام کے صدر گوئین جوان پھوک سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ مسٹر برلا نے اپنے دورے کے پہلے دن ویتنام کے صدر کے علاوہ وزیر اعظم فام من چن اور ویتنام کی قومی اسمبلی کے اسپیکر وونگ ڈنا ہیو سے ملاقات کی۔ویتنام کے صدر کے ساتھ اپنی ملاقات میں مسٹر برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات 2016 میں ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں بدل گئے۔