یو این آئی
نئی دہلی/جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اور ہندوستان کی 2011 کی فاتح ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن نے کرکٹ سے متعلق بہت سے سوالوں کے جواب نہیں دیئے لیکن یہ ضرور کہا کہ ہندوستان نے جس طرح سے انگلینڈ میں ٹسٹ سیریز 2-2 سے برابر کی اسے دیکھ کر وہ بہت پرجوش ہیں۔ہندوستا ن نے اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو چھ رنز سے شکست دے کر شاندار انداز میں سیریز برابر کر لی۔ جو روٹ اور ہیری بروک کی سنچریوں نے انگلینڈ کو تاریخی ہدف کے تعاقب کے راستے پر لا کھڑا کیا تھا لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے پانچویں دن دباؤ میں تیز گیند بازی سے میچ کا رخ موڑ دیا۔سابق ہندوستانی کوچ گیری کرسٹن نے موجودہ کوچ گوتم گمبھیر اور شبھمن گل کی قیادت میں نوجوان ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم (انگلینڈ میں ان کی عمدہ کارکردگی کے لئے ) اور گوتم گمبھیر کے لئے بھی خوش ہوں۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں اور یہ دیکھ کر خوش ہوں کہ انہوں نے انگلینڈ میں ایک ٹیم کے طور پر کیا حاصل کیا ہے ۔