یواین آئی
نئی دہلی// ہندوستان ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کی ایک کمیٹی کی صدارت کر رہا ہے۔صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے منگل کو یہاں کہا کہ وزارت کے سکریٹری اپوروا چندرا کو جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کی کمیٹی “اے” کا سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔ کمیٹی ‘اے’ مختلف پروگراموں سے متعلق موضوعات جیسے کہ عالمی صحت، صحت عامہ کی ہنگامی تیاری، اینٹی مائکروبیل مزاحمت، موسمیاتی تبدیلی اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی پائیدار فنانسنگ پر تبادلہ خیال کرے گی۔قبل ازیں چندرا نے کہا کہ صحت عامہ کا روایتی نقطہ نظر جو کمیونٹی کے اقدامات جیسے کہ معلومات اور بیداری کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کرتا ہے، صحت کے بہتر نتائج کی کلید ہے۔ چندرا نے کہا کہ ہندوستان نے صحت اور فلاح و بہبود کے مراکز قائم کیے ہیں تاکہ کمیونٹی کی سطح پر صحت کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور کمیونٹیوں کو صحت کے بہتر رویے کے بارے میں تعلیم دینے پر توجہ مرکوز کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔ 19 وبائی مرض کے دوران ہندوستان نے نہ صرف ملک کے اندر بحرانوں کو سنبھالا بلکہ “ایک دنیا، ایک خاندان” کے جذبے کو مجسم کرتے ہوئے دنیا بھر میں ادویات اور صحت کی دیکھ بھال کی مصنوعات کی فراہمی بھی کی۔
ہندوستان ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کی کمیٹی کا چیئرمین بن گیا
