یواین آئی
نئی دہلی//ہندوستانی فوج کا دستہ امریکی فوج کے ساتھ مشترکہ اسپیشل فورسز کی مشق ‘وجرا پرہار’ کے 15ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوا۔ یہ مشق 2 نومبر سے 22 نومبر تک امریکہ کے شہر ایڈاہو میں آرچرڈ کمبیٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقد کی جا رہی ہے اسی مشق کا پچھلا ایڈیشن گزشتہ سال دسمبر میں امروئی، میگھالیہ میں منعقد ہوا تھا ۔ اس سال ہندوستان اور امریکی فوجوں کے درمیان یہ دوسری مشق ہوگی۔ اس سے قبل جنگی مشق۔ 2024 ستمبر میں راجستھان میں ہوئی تھی۔ مشترکہ مشقوں میں حصہ لینے والے دونوں ممالک کے دستوں میں 45-45 اہلکار شامل ہوں گے۔ہندوستانی فوج کے دستے کی نمائندگی اسپیشل فورسز کے یونٹ کریں گے اور امریکی فوج کے دستے کی نمائندگی امریکہ کے گرین بیریٹس کریں گے۔ مشق وجرا پرہار کا مقصد خصوصی آپریشن کی حکمت عملیوں کے باہمی تبادلے اور باہمی تعاون کو بڑھا کر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان فوجی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق صحرائی، نیم صحرائی حالات میں مشترکہ اسپیشل فورسز کی کارروائیوں کو انجام دینے کی مشترکہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔ اس میں اعلیٰ سطح کی جسمانی فٹنس، مشترکہ منصوبہ بندی اور مشترکہ حکمت عملی کی مشقوں پر توجہ دی جائے گی۔اس مشق میں مشترکہ ٹیم کے مشن، جاسوسی مشن کی منصوبہ بندی، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کا استعمال، خصوصی آپریشنز، مشترکہ ٹرمینل اٹیک کنٹرولر ایکشن اور خصوصی آپریشنز میں نفسیاتی جنگ شامل ہوں گی۔ مشق وجرا پرہار دونوں فریقوں کو مشترکہ اسپیشل فورسز کے آپریشنز کے لیے اپنے بہترین طریقوں اور تجربات کا اشتراک کرنے کے قابل بنائے گی۔