نیوز ڈیسک
سری نگر// شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ علاقے میں جمعرات کو ظہر کی نماز کی ویڈیو بنانے کے دوران مقامی لوگوں اور فوج کے درمیان جھڑپ کے بعد دو عام شہری ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جب لوگ جامعہ جدید مین چوک ہندواڑہ میں مسجد کے اندر داخل ہو رہے تھے تو فوجی جوان ان کی ویڈیو بنا رہے تھے۔ اس کے بعد فائرنگ ہوئی اور دو شہری ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ 21 آر آر کے سپاہی نماز کی ویڈیو بنانے کے لیے جامع مسجد ہندواڑہ گئے تھے۔ کچھ لوگوں نے اعتراض کیا اور پھر فوج اور شہریوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔
افسر نے کہا، “جھڑپ کے دوران حادثاتی طور پر گولیاں چل گئی اور دو افراد کو ٹانگ میں چوٹیں آئیں۔ دونوں مستحکم ہیں”۔
زخمیوں کی شناخت عبدالاحد میر ساکنہ راجوار اور مجیب احمد صوفی ساکنہ ہندواڑہ کے طور پر کی گئی ہے جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔