ایجنسیز
ناندیڑ( مہاراشٹرا)//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو زور دے کر کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور کہا کہ آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے وہاںملی ٹینسی پر قابو پایا گیا ہے۔پی ایم مودی نے جموں و کشمیر میں برسراقتدار نیشنل کانفرنس پر شدید تنقید کر کے نام لیے بغیر کہا، ہم جموں و کشمیر سے پیار کرتے ہیں، وہ آرٹیکل 370 سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے آرٹیکل 370 جموں و کشمیر سے ہٹایا گیا ہے، وہاں ملی ٹینسی کو روکا گیا ہے۔ پی ایم مودی نے ایک ریلی میں کہا کہ لال چوک میں ترنگا لہرایا گیا یا نہیں؟ لوگوں نے لال چوک میں دیوالی منائی یا نہیں؟ وہاں جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔پی ایم مودی کے یہ ریمارکس قانون ساز اسمبلی میں آرٹیکل 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کرنے کا مطالبہ کرنے والی ایک قرارداد پاس ہونے کے چند دن بعد آیا ہے۔پی ایم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آرٹیکل 370 کی بحالی کے حق میں دنیا بھر میں رائے کو متحرک کر رہا ہے اور کہا کہ اب کانگریس نے آرٹیکل 370 پر قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی کے اندر پاکستان کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ پریشان تھا، اب تک پاکستان پوری دنیا میں گھوم رہا تھا اور آرٹیکل 370 کی بحالی کا مطالبہ کر رہا تھا۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ اس کی کوئی سننے والا نہیں تھا۔ لیکن اب کانگریس نے جموں و کشمیر اسمبلی کے اندر پاکستان کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔