سرینگر//نیشنل فرنٹ،تحریک مزاحمت،پیپلز لیگ،پیپلزپولٹیکل فرنٹ، لبریشن فرنٹ( آر )، اتحاد المسلمین،انجمن شرعی شیعیان، سالویشن مومنٹ ،پیروان ولایت،ووئس آف وکٹمز ، ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ اور ینگ مینز لیگ نے شوپیان اور سرینگر ہلاکتوں پر صدمے کا اظہارکیا ہے۔نیشنل فرنٹ نے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔ فرنٹ ترجمان نے کہا کہ اب بھی موقع ہے کہ دنیا کشمیریوں کو بھارت کی سرکاری دہشت گردی سے بچانے کیلئے آگے آئے ورنہ بہت دیر ہوجائے گی اور وردی پوش اہلکار ایک پوری قوم کا صفایا کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا چپہ چپہ انسانی خون سے تر بہ تر ہے اور شوپیان اور سرینگر میں پیش آئے واقعات اس بات کے گواہ ہیں کہ کشمیریوں نے بہت پہلے سرنڈر کے آپشن پر سوچنا بند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہمارے نوجوان اپنے مقدس لہو سے آزادی کا عنوان رقم کررہے ہیں اور ہماری اس ذمہ داری میں اضافہ کررہے ہیں کہ ہم اُن کی قربانیوں کی حفاظت کریں‘۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے بھارت پر اپنا دبائو بنائے اور اُسے اس بات کیلئے راضی کرائے کہ وہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ ترجمان نے بھارت کی شدت پسند قوتوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اُن کی غیر دانشمندانہ سیاست سے پورے خطے کے لوگوں کی سلامتی خطرے میں مبتلا ہوگئی ہے۔تحریک مزاحمت نے کہا ہے کہ ’ہمارے نوجوان آزادی اور اسلام کے عظیم مقصد کیلئے اپنی اٹھتی جوانیاں نچھاور کر رہے ہیں اورہمارا اجتماعی فرض بنتا ہے کہ ہم ان قربانیوں کی ہر حال میں حفاظت کریں۔پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے ان سپوتوں کو کسی بھی طور فراموش نہیں کرتی ہیں، جو ان کی عزت، آزادی اور شاندار مستقبل کیلئے قربانیاں پیش کرتے ہیں۔ پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جوان ہمارے محسن ہیں ۔انہوں نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا ۔ لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور وجاہت بشیر قریشی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وردی پوش اہلکاروں کو انسانیت چھو کر بھی نہیں گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نہتے اور عام شہریوں پر بندوقوں کے دہانے کھول کر بھارتی فورسز کوئی شرم بھی محسوس نہیں کررہے ہیں ۔ اتحاد المسلمین کے سربراہ مولانا محمد عباس انصاری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وردی پوش اہلکاروں کا عام شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنا نا قابل مذمت ہے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ کشمیری قوم کی نسل کشی انتہائی افسوسناک ہے اور فورسز کی اس چنگیزیت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے شوپیاں اور چھتہ بل میںجاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم کی قربانیاں ایک دن روز ضرور رنگ لائیں گی ۔انہوںنے شوپیاں اور پلوامہ میں عام شہریوں کو جاں بحق ا و زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جماو اورسخت قوانین کے چلتے کوئی بھی کشمیری محفوظ نہیں ہے۔ سالویشن مومنٹ کے محبوس چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی،ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان،ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس احمد شاہ اور ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔