سرینگر//لبریشن فرنٹ،کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ،محاذ آزادی ،پیپلز لیگ،پیپلزپولٹیکل فرنٹ،انجمن شرعی شیعیان، مسلم لیگ ،ڈےمو کرےٹک پو لٹےکل مومنٹ ، ووئس آف وکٹمز ،مسلم کانفرنس ، ینگ مینز لیگ ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس، تحریک استقامت ،پیروان ولایت اور ماس مومنٹ نے تازہ ہلاکتوں پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیری نوجوان قلم اورکاغذ چھوڑ کرعسکریت کا راستہ اختیار کرنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ نہتے نوجوان عادل احمد کی ہلاکت کو بہیمانہ قتل قرار دیتے ہوئے مزاحمتی جماعتوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ کشمیریوں کو بچانے کیلئے آگے آئیں ۔ لبریشن فرنٹ نے کہ وادی میں جس بے ہنگم اندازمیں فورسز نے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ دراز کیا ہے،اُس نے کشمیر کی تاریخ میں مزید ایک سیاہ باب کا اضافہ کیاہے۔ فرنٹ ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معصوموں کا لہوبہانے کی براہ راست ذمہ داری ان ہند نواز سیاست کاروں کے سر عائد ہوتی ہے جوفوج اور فورسز کے جرائم کو قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کی یہ انتہاجہاں اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت فوج کے سہارے جموں کشمیر پر قابض ہے وہیں اس سے ایک بات اور بھی ثابت ہورہی ہے کہ دنیا کی اتنی بڑی جمہوریت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کو کچلنے میں یقین رکھتی ہے ۔فرنٹ نے چھتہ بل میں جاں بحق کئے گئے نوجوانوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اور ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ظلم جب حد سے بڑھ جاتا ہے تو اس کا مٹ جانا یقینی ہوجاتا ہے ۔ چھتہ بل جھڑپ کے دوران اپنے فرائض انجام دےنے والے سینئرفوٹو جرنلسٹسٹ فاروق احمد خان، جاوید ڈاراور عمر آصف کے زخمی ہونے پر تشوےش کا اظہار کرتے ہوئے لبرےشن فرنٹ نے ان تےنوں کی جلد صحتےابی کیلئے دعا کی ۔بیان میںپارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کی گئی ۔عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات صادر کئے تھے لیکن انہیں جیسے ہی سینٹرل جیل سے رہا کیا گیا پولیس نے دروازے پر ہی دوبارہ گرفتار کرکے تھانہ کوٹھی باغ منتقل کردیا۔ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے عال احمد نامی شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دانستہ طوراُس کو گاڑی سے کچل دیا۔اس دوران انہوں نے3صحافیوں کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے اس گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دفعہ302کے تحت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں فورسز کے ہاتھوں تازہ ہلاکتوںپر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے شہدائے چھتہ بل کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فریڈم پارٹی کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے لخت جگروں کو ایک نہیں تو دوسرے بہانے مارڈالنے کا عمل جاری ہے اور اس نسل کشی کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کشمیری خوف کا شکار ہوکر اپنا مطالبہ چھوڑ دیں۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ کشمیریو ں کا قتل عام دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کررہی ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ باقی ماندہ دنیا کشمیریوں کی نسل کشی کا خاموشی کے ساتھ تماشا دیکھ رہی ہے۔فریڈم پارٹی نے ایک بار پھر اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کیلئے سامنے آئےں بصورت دیگر بھارت پوری کشمیری قوم کا صفایا کرنے پر تُلا ہوا ہے ۔ نیشنل فرنٹ نے سرینگر میں تازہ ہلاکتوں پرصدمے کا اظہار کیا ہے۔پارٹی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ کشمیریوں کو بچانے کیلئے آگے آئیں بصورت دیگر فورسز کشمیری قوم کا صفایا کرنے میں کوئی دقیقی فروگذاشت نہیں کریں گے۔محازآزادی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس میں پارٹی نے فورسز اہلکاروں کی طرف سے جاری ماردھاڑ اور قتل و غارت گری پر تشویش اور غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔محاذ کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے بھارتی سیاستدانوں اور مفکروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر میں خون خرابے کے رد عمل کا بغور جائزہ لیں تاکہ برصغیر کے ساتھ ساتھ عالم اقوام کو تباہی سے بچایا جا سکے۔چھتہ بل واقعہ کے تناظر میں یوم تاسیس اجلاس کومختصر کیا گیا۔اعظم انقلابی نے کہاکہ کشمیری عوام کو کسی نیوکلیائی،ایٹمی یا فوجی طاقت سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ اب کشمیری موت کے ڈر سے بے خوف ہو کر غیرت اور خود داری کے راستہ پر گامزن ہے ۔اجلاس میں محاز کے صدر سید الطاف اندرابی ودیگر قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر میں آگ اور خون کی ہولی کا کھیل بند کیا جائے اور کشمیریوں کے خاتمے کے لئے استعمال میں لائے جارہے وسائل بھارت کے کروڑوں عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے استعمال میں لائے جائیں تاکہ برصغیر میں امن و امان کا ماحول پیدا ہو۔پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری،پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل ،انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن ،مسلم لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین مشتاق الاسلام ،ڈےمو کرےٹک پو لٹےکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ،ڈےمو کرےٹک پو لٹےکل مومنٹ کے ایک اور دھڑے کے ضلع صدر سر ےنگر محمد عمران بٹ ، ووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرﺅف خان، مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، ینگ مینز لیگ کے چیرمین امتیاز احمد ریشی، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو ، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے چھتہ بل جھڑپ میںجاں بحق ہوئے جنگجوﺅںاور ایک نہتے نوجوان کو جاں بحق کرنے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کے اس طرزعمل کو کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا ہے ۔انہوں نے ان کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبر و اثبات کے لئے دعا کی۔
اسرائیلی طرز عمل:جمعیت اہلحدیث،جمعیت ہمدانیہ
سرینگر//جمعیت اہلحدیث اور جمعیت ہمدانیہ نے تازہ ہلاکتوں پر دکھ کا اظہارکیا ہے۔ جمعیت اہلحدیث نے ہلاکتوں کا تازہ سلسلہ معصوم بچوں اور نوجوانوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا ہے ۔جمعیت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منصوبہ سازوں کو اِ س حقیقت کا ادراک نہیں کہ جورو جبرکے بے دریغ استعمال سے وہ حق کی آواز کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں ۔بیان کے مطابق آج ایک بارپھر سارے شہر کو قہر مانیوں کا شکار کرنے کے بعد نورباغ میں ایک پھول جیسے چہرے کو روند کر اس کی زندگی کا چراغ گل کیا گیا ۔ جمعیت نے اقوام ِ عالم کی توجہ ان بھیانک واقعات کی طرف متوجہ کرتے ہوئے مداخلت کرنے کی اپیل کی ۔جمعیت ہمدانیہ نے ہلاکتوں کے اس جاری سلسلے کو اسرائیلی طرز عمل قرار دیا ہے۔ پارٹی سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کا عمل جاری ہے ، جو بھارت کی جمہوریت پر بدنما داغ ہے۔ جمعیت کا ایک ہنگامی اجلاس صدر حاجی عبدالرشید گانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں فورسز گاڑی کی طرف سے نوجوان کو کچل ڈالنے اور کشمیریوں کی نسل کشی کے نہ تھمنے والے سلسلے کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں آئے روز ہلاکتوں اوردیگر املاک کو زمین بوس کرنے کی فورسز کی کارروائی کو بربریت سے تعبیر کیا گیا۔