شاہدٹاک
شوپیان // جنوبی کشمیر میں ضلع شوپیان کے ہف شرمال گائوں میں مسلح تصادم آرائی کے دوران ایک مقامی ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ مہلوک ملی ٹینٹ صرف 8روز قبل لاپتہ ہوا تھا۔دیر رات گئے تک یہاں تلاشی آپریشن جاری رہا کیونکہ پولیس کو خدشہ ہے کہ یہاں مزید 2ملی ٹینٹ موجود ہوسکتے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ہف شرما ل گائوں میں کم سے کم 3ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد44آر آر،178بٹالین سی آر پی ایف نے پولیس کیساتھ مشترکہ طور پر دن کے قریب ایک بجے محاصرہ کیا۔پولیس کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران قریب ایک بجکر 40منٹ پر طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو مختصراً جاری رہا۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ہوا۔اسکے بعد گائوں کی مکمل ناکہ بندی کی گئی اور فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کیا گیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت عاقب احمد پال ولد محمد اکرم پال ساکن درونی امام صاحب کے بطور ہوئی اور وہ4ستمبر سے لاپتہ ہوا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف8روز قبل اس نے ہتھیار اٹھائے تھے۔زخمی فوجی اہلکار کی شناخت دھیان سنگھ گجر کے بطور ہوئی ہے۔ابتدائی فائرنگ کے بعد گائوں میں سکوت چھا گیا اور طرفین کا دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا۔شام سے قبل ہی فورسز نے روشنی کا انتظام کیا اور گھر گھر تلاشی کے علاوہ ملحقہ میوہ باغات کو کھنگالنا بھی شروع کیا لیکن رات دیر گئے تک طرفین کے مابین دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا۔