عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری کے نڈیالہ گاؤں کی رہائشی 24 سالہ سعیدہ کوثر زوجہ محمد آصف، جمعہ کے روز پراسرار حالات میں انتقال کر گئیں۔اہل خانہ کے مطابق سعیدہ کو بخار تھا اور وہ علاج کے لئے نڈیالہ کے پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) گئیں، لیکن مرکز دفتر کے اوقات میں بند تھا۔اہل خانہ نے مزید کہا کہ فوری طبی امداد کے لئے سعیدہ ایک مقامی کیمسٹ کے پاس گئیں، جہاں انہیں دوائیں انجکشن کے ذریعے دی گئیں۔اہل خانہ نے بتایا کہ ’’لیکن ان کی حالت تیزی سے بگڑ گئی، اور وہ جانبر نہ ہو سکیں‘۔مرحومہ کی میت کو طبی و قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لئے جی ایم سی راجوری کے منسلک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس واقعے نے علاقے میں مناسب طبی سہولیات کی کمی اور غیر قانونی طبی عمل (جعلی ڈاکٹری) کے خلاف سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔متوفیہ کے اہل خانہ نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اور اس لاپرواہی اور طبی سہولیات کی ناکامی کے لئے جوابدہی پر زور دیا ہے جس نے سعیدہ کی المناک موت کو جنم دیا۔دریں اثنا، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ کیمسٹ کو جائے وقوع سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔