یو این آئی
غزہ// میں اسرائیلی فوج کی قتل و غارت کا سلسلہ تھم نہ سکا، اسکول پر بم برسا کر متعدد فلسطینیوں کوہلاک کر دیا گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جبالیہ، شجائیہ اور بیت حنون کے اطراف میں شدید بمباری کی گئی ۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر ہسپتال کے وارڈز پر فائرنگ کر کے کم از کم 12 بچوں کی زندگیوں کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فائرنگ میں کمال عدوان ہسپتال کے کمروں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کی زد میں وہ کمرے بھی تھے جن میں مریض داخل ہیں۔ علاوہ ازیں ہسپتال کے صحن بھی فائرنگ کی زد میں رہے ۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نے کہا ‘ خطرہ ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 12 فلسطینی بچوں کی زندگیوں کو خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق یہ بچے تو پہلے ہی دودھ تک سے بھی محروم ہیں اور ادویات کے علاوہ طبی آلات کی مدد سے بھی محروم ہیں۔