سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بالکل برعکس وادی کشمیر اور جموں کے پیر پنچال علاقوں میں جمعرات کی سہ پہر سے موسلادھار بارشیں ہوئیں۔شام کے وقت تیز آندھی اور بارشوں کا سلسلہ گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ کئی دنوں تک موسم کی یہی صورتحال رہے گی۔ پچھلے ایک ہفتے سے پوری وادی میں شام کے وقت بادل برسنے کا سلسلہ جاری ہے اور ژالہ باری بھی ہورہی ہے۔جمعرات کو بھی کرنا میں شدید بارشوں کیساتھ ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔جمعرات کی سہ پہر پوری وادی میں کم و بیش گہرے وگھنے بادل چھاگئے ،جسکے ساتھ تیزہوائیں چلنے کیساتھ ساتھ بارشیں شروع ہوئیں ۔ محکمہ موسمیات نے پہلے کہا تھا کہ 19مئی تک دور دور ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں لیکن جم کر بارشیں ہوئیں اور جمعرات کو نئی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ اب 23 مئی تک موسم خراب رہیگا اور 24 اور 25 مئی کو موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فی الحال موسم کی صورتحال یہی رہے گی۔ انکا کہنا تھا ’’ ہر روز رات کے دوران اور دن کے دو بجے تک موسم ٹھیک رہے گا لیکن پھر شام کو ہلکی یا اچھی کاصی بارش ہوسکتی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اپریل اور مئی کے مہینوں میں موسم اسی طرح کا ہوتا ہے اور جونہی درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوتا ہے تو بارشیں ہوتی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ابھی ہر شام بارشیں ہونگی۔ادھرپونچھ میں جمعرات کی شام دیر گئے تک 5گھنٹے تک لگاتار بارشیں ہوئیں۔راجوری میں شام کے بعد ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور کولگام میں بھی یہی صورتحال تھی۔لیکن بارہمولہ،ٹنگمرگ اور ضلع کے رفیع آباد علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں۔اننت ناگ میں 5بجے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ گاندربل میں 7بجے سے رک رک کر بارشیں ہوتی رہیں۔پلوامہ میں ہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ بڈگام میں بارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔