سرینگر// طویل خشک سالی کے باعث فضائی آلودگی میںاضافہ کے نتیجے میں نزلہ، زکام ، کھانسی ، سانس اور سینے ، جلد اور پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ معالجین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ خشک موسم کی بیماریوں سے بچنے کیلئے ٹھنڈ ،گردوغبار، کھٹی میٹھی اور مضر صحت اشیاء کے استعمال سے پرہیز کریں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ روز تک وادی میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے ٹھنڈ میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا ہے ۔وادی میں پچھلے تین ماہ سے موسم خشک ہے اور صبح اور شام ٹھنڈ میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ جہاں اہل وادی بارشوںکی دعائیں مانگ رہے ہیں،وہیں خشک موسم کی وجہ سے اہل وادی بے حد پریشانی کا شکار ہیں۔ خشک موسم کی وجہ سے اکثر لوگ کھانسی ،نزلہ ، سینے کے عارضوں ،جلد اور پیٹ کی بیماریوں کے شکار ہوئے ہیں اور روزانہ وادی کے ہسپتالوں میں بڑی تعداد میں لوگ علاج ومعالجہ کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔معالجین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈ اور مسلسل موسم خشک رہنے کے سبب وائرس کا خطرہ رہتا ہے اور اس سے کھانسی ، نزلہ ، زکان اور الرجی سمیت موسمی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگتاہے ۔ماہر صحت ڈاکٹر نثارالحسن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خشک اور سرد راتوں میں سونے ، کھانے پینے اور نہانے میں احتیاط برتنیں کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بچوں کو نزلہ و زکام ہونے کی صورت میں سکول نہ بجھیں کیونکہ یہ ایک فرد سے دوسرے فرد تک پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف نزلہ، زکام یا الرجی ہوتی ہے اور گلے کی بیماریاں لگتی ہیں بلکہ زیادہ خطرہ ہاٹ اٹیک اور سٹروک ہونے کابھی اسی موسم میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موسم میں پہلے سے دمہ کا شکار مریضوں کو بہت زیادہ احتیاط برتنی چاہئے۔ایک اور معالج ریاض احمد ڈگہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرد اور خشک موسم ہی بیماریوں کا سبب بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے ماحول میں آلودگی پیداہوتی ہے اور جیسے ہی بارش ہوتی ہے تو ان بیماریوں میں کمی آجاتی ہے ۔ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ زیادہ متاثر ہونے والوں میں دمے کے مریض، سگریٹ نوشی کے عادی افراد اور ایسے لوگ شامل ہیں ،جو پہلے سے ناک کان اور گلے سے جڑی الرجی کے شکار ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک موسم کی وجہ سے سڑکوں سے اٹھنے والا گردوغبار ، فضا میں آلودگی کی وجہ سے فضا متاثر ہوتی ہے جس سے اس طرح کی بیماریاں لگنے کا اندیشہ رہتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کشمیر وادی میں اگلے کچھ روز تک موسم خشک رہے گا جبکہ ٹھنڈ میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہر اکتوبر اور نومبر میں ہر سال موسم کئی کئی دنوں تک خشک رہتا ہے ۔