جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے علاقے ہرموتہ گورسای میں بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک عوامی میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی صدارت سابق نائب سرپنچ سرفراز چودھری نے کی۔ میٹنگ میں علاقے کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل اجاگر کیے اور متعلقہ محکمہ جات کی بے حسی پر تنقید کی۔علاقے کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بجلی کا کوئی ٹائم ٹیبل موجود نہیں ہے۔ 20 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے، اور جو بجلی فراہم کی جاتی ہے وہ بھی غیر معیاری ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ ابھی تک بجلی کی تاریں لکڑی کے پولز اور درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں، جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ مزید یہ کہ غریب عوام سے ہر ماہ ’کرائے‘ کے نام پر سینکڑوں روپے وصول کئے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود بجلی کی کوئی سہولت میسر نہیں۔محکمہ جل شکتی کے حوالے سے عوام نے شکایت کی کہ کئی محلوں کو پانی کی سپلائی کے لئے پیپ لائنز فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترس رہے ہیں، لیکن متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں نے علاقے کو یکسر نظرانداز کر رکھا ہے۔سرفراز چودھری نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ساتھ برسوں سے ناانصافی ہو رہی ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ضلع اور تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے کا فوری دورہ کریں اور لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کریں۔علاقے کے عوام نے ایس ڈی ایم اور اے ڈی ای مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ وہ ہرموتہ گورسای کا دورہ کریں اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کریں۔ بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔