ممبئی// انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم ممبئی انڈینس کے کھلاڑی اور تجربہ کار ہندستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے جیٹ ایئر ویز کے ایک غیر ملکی پائلٹ پر نسل پرستانہ فقرہ کسنے کا الزام لگایا ہے اور ساتھ ہی اس معاملے میں سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ہربھجن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کئی سارے ٹویٹ پوسٹ کئے اور اس واقعہ کی اطلاع دی۔ ہندوستانی گیند باز نے کہا "جیٹ ایئر ویز کے ایک پائلٹ برن ھوہیسلن نے ایک ہندوستانی کو گالی دیتے ہوئے کہا آپ ہندستانی میری پرواز سے باہر جاؤ، جبکہ وہ یہاں کما رہا ہے ۔" ہندستانی آف اسپنر نے ساتھ ہی الزام لگاتے ہوئے ایک اور ٹویٹ میں کہا "وہ پائلٹ نہ صرف نسل پرست تھا بلکہ اس نے ایک عورت کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی اور ایک معذورشخص کو گالی بھی دی۔" ہربھجن حال میں ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں 200 وکٹ لینے والے 19 ویں گیند باز بن گئے ہیں، اور ہندوستانی گیند بازوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہربھجن نے اپنے 200 میں سے 123 وکٹ آئی پی ایل ٹیم ممبئی کے لئے حاصل کئے ہیں۔ ٹربنیٹر کے نام سے مشہور ہندستانی آف اسپنر نے اس معاملے میں سخت اقدامات کرنے کی اپیل کرکے ایک اور ٹویٹ پوسٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا "اس پورے معاملے میں سخت کارروائی کی جانے کی ضرورت ہے اور ایسی چیزیں ہمارے ملک میں برداشت نہیں کی جانی چاہیں۔