سرینگر//سرینگر کے علاقہ ہارون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے رواں سال چوتھا کرکٹ لیگ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے.ہارون کرکٹ لیگ کا چوتھا ایڈیشن 8 مئی 2022 سے شروع ہو رہا ہیجس کے لئے سرینگر اضلاع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ہارون کرکٹ لیگ ہارون سے ملحقہ چندہ پورہ میں واقع سید شاہ قاسم میموریل کرکٹ میدان میں کھیلی جائے گی۔ہارون کرکٹ لیگ کے چوتھے سیزن کے سلسلے میں اتوار کو سرینگر کے نجی ہوٹل میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریبا 600 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔اس موقع پرہارون لیگ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس لیگ کا انعقاد کرنے کا بنیادی مقصد مختلف علاقوں میں موجود بہترین کھلاڑی کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع فراہم ہوسکے تاکہ وہ قومی یا بین الاقوامی سطح پر پہنچ کر اپنا اور اپنے علاقہ کا نام روشن کرسکیں.ہارون کرکٹ لیگ کے منتظمین طاہر مخدومی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ نئے کھلاڑی ایک دن قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں کشمیر کی نمائندگی کریں گے۔دیگر مقررین نے ہارون کرکٹ لیگ کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروف رکھنے سے انہیں منشیات کی لت کی ابھرتی ہوئی لعنت سے دور رکھنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر جی ایم راتھر، بلال پیر، فاروق کٹھو،کشمیر عظمی سے وابستہ ارشاد احمد اور بلال فرقانی سمیت دیگر مقررین بھی موجود تھے۔دن بھر چلنے والے انتخاب میں حبک زکورہ کے عاشق احمد سب سے زیادہ مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے جن کا انتخاب بابر اینڈ راتھر فرنیشگ نے ڈھائی لاکھ روپے میں کیا.کرکٹ ٹورنامنٹ 8 مئی سے شروع ہورہا ہے