منجاکوٹ //گمبھیر مغلاں موہڑہ ہٹاں سیری سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے الزام عائد کیاہے کہ ہائی سکول ہٹاں سیری کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیاگیاہے ۔مقامی سماجی کارکن شبیر احمد مغل نے کہاکہ ایک طرف سرکار سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کے استحکام کے دعوے کررہی ہے لیکن دوسری طرف اس شعبے کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کیاجارہاہے ۔ہٹاں سیری کے لوگوں کا کہنا تھا کہ اس سکول میں دو سو سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جن کو سکول کی عمارت سے خطرہ لاحق ہے کیونکہ یہ محفوظ ہے ۔انہوںنے کہا کہ رمسا سکیم کہ تحت تعمیر ہوئی اس عمارت کو پہلے سے ہی غیر محفوظ قرار دیاگیاہے اور یہ عمارت بچوں کی زندگی کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے سابق ڈپٹی کمشنر راجوری اور چیف ایجوکیشن افسر راجوری کو بھی آگاہ کیاگیاجبکہ حکام نے اس کو غیر محفوظ بھی قرار دیالیکن اس کے باوجود بچے یہیں پر بیٹھ رہے ہیں اور ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے ۔انہوںنے نو تعینات شدہ ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کی کہ بچوں کی زندگی کو محفوظ بنایاجائے اور اس عمارت کی تعمیر پر تحقیقات کرائی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک کوئی نئی عمارت تعمیر ہوتی تب تک متبادل انتظام کیاجائے ۔