محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں قائم کر دہ گور نمنٹ ہائی سکول گھبر میں عملے کی شدید قلت کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کی پڑھائی و مستقبل کیلئے پریشان ہو چکے ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ لگ بھگ 15برس قبل مذکورہ سکول کو مڈل سے ہائی سکول بنایا گیا تھا لیکن آج تک مذکورہ تعلیمی ادارے میں ہائی سکول کی مناسبت سے عملے کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔سکول میں اس وقت 325سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں تاہم ان کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے محض 5ٹیچروں کو تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی کا عمل بُری طرح سے متاثر ہورہا ہے ۔مقامی نائب سرپنچ ارشد حسین میر نے بتایا کہ عوامی مانگ و طلباء کی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے ایک آرڈر زیر نمبرU/Plan DDMB/Gen 2006 -2007 dated 12 /4 /2007 کے تحت سکول کو مڈل سے ہائی بنایا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ سکول کا درجہ پندرہ برس قبل بڑھایا گیا تھا لیکن ابھی تک مڈل سکول کے عملے سے کام چلایا جارہا ہے ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلانے کی کوششیں کرتے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے سکولوں میں نہ ہی بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور نہ ہی سٹاف کی قلت کو پورا کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ ہائی سکول کیلئے پوسٹوں کو جلدازجلد منظوری دی جائے تاکہ ان کے بچوں کا مستقبل خراب نہ ہو ۔