بانڈی پورہ/عازم جان /نیشنل کانفرنس لیڈراور ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد گریزی نے گیشو تراشی معاملے میں حکومت کے طرزعمل کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مخلوط حکومت اس سنگین معاملے میںکوئی اقدام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے وادی میںخوف و دہشت کاماحول چھایا ہوا ہے۔ گریزی ضلع بانڈی پورہ کی جائزہ بورڈمیٹنگ کے بعد کشمیرعظمیٰ سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو موئے تراشی میں ملوث عناصر کی کھوج لگانے کے لئے فوری کارروائی کرنی چاہئے ۔
اونتی پورہ میں ہیجڑا لہو لہان
لوگوں نے گیسو تراش سمجھ کر پیٹا
سید اعجاز
ترال //اونتی پورہ میں لوگوں نے ایک ہیجڑے کو مبینہ گیسو تراش سمجھ کر اسکی مارپیٹ کرکے لہو لہان کردیا۔اس موقعہ پر پولیس نے آنسو گیس کے گولے پھینک کر اسے بچا لیا۔ اونتی پورہ میں لوگوں نے ایک برقعہ پوش شخص کو دبوچ لیا جس نے خواتین کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔اس موقعہ پر اسکی پوچھ تاچھ کے بغیر ہی لوگ اس پر ٹوٹ پڑے اور اسے لہو لہان کردیا۔اسی دوران جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند ہوگئی اور لوگوں نے احتجاج کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے فوراً ہی حرکت میں آکر مذکورہ نوجوان کو تھویل میں لینے کی کوشش کی لیکن لوگ مشتعل ہوئے جس کے بعد پولیس نے شلنگ کی اور اسے اپنے ساتھ لے گئی۔بعد میں مذکورہ نوجوان نورپورہ ترال کا نکلا، جو ہیجڑا ہے اور اس نے خواتین کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔پولیس نے کہا ہے کہ مشتعل ہجوم نے ہیجڑے کو گیسو تراش سمجھ کر لہو لہان کردیا ۔پولیس نے مذکورہ شخص سے جب پوچھ تاچھ کی ،تو یہ بات سامنے آئی کہ وہ ہیجڑا ہے اور خواتین کے کپڑے پہنا نا پسند کر تا ہے ۔پولیس حکام کا کہناہے کہ اُسے پبلک ہیلتھ سینٹر اونتی پورہ میں علاج ومعالجہ کیلئے داخل کیا گیا ۔