بانہال// سری نگر – جموں قومی شاہراہ کو آج صبح رام بن کے چملواس علاقے میں مٹی کے تودے کھسک آنے کے بعد ٹریفک کی نقل وحمل کچھ گھنٹوں کے لئے بند رہی ۔
تاہم حکام نے مشینری اور نفری کو کام پر لگا کر شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد رفت بنا دیا۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے کہا کہ جمعرات کی صبح قومی شاہراہ پر چملواس علاقے میں مٹی کے تودے کھسک آنے سے ٹرفیک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو صاف کرکے ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں سے کشمیر کی طرف روانہ گاڑیاں شاہراہ پر رواں دوں ہیں۔
قبل ازیں متعلقہ ذرائع نے بتایا تھا کہ قومی شاہراہ پر چملواس بانہال علاقے میں جمعرات کی صبح مٹی کے تودے کھسک آگئے جس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو صاف کرنے کے لئے مشینری اور نفری کو کام پر لگا دیا گیا ہے اور اس کو کم سے کم وقت میں قابل آمد و رفت بنانے کی کوششیں جا ری ہیں۔
ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کا بند ہونا اہلیان وادی کے لئے گوناگوں مشکلات کا باعث بن جاتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں وادی کے بازاروں میں اشایئے ضروریہ بالخصوص اشیائے خوردنی کی قلت پید اہوجاتی ہے وہیں دوسری طرف گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں چیزوں کی قیمتیں یکایک اس قدر بڑھ جاتی ہیں کہ ان کا خریدنا ایک عام انسان کے بس کی بات نہیں رہ جاتی ہے۔