عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے منگل کو تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 99.75 روپے کی کمی کی ہے۔ تاہم گھریلو ایل پی جی کی قیمتیں جوں کی توں برقراررکھی گئی ہیں۔ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو کمرشل اور گھریلو ایل پی جی دونوں سلنڈروں کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہیں، تاہم، اس بار جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں کمی کی گئی، گھریلو کھانا پکانے والی گیس گزشتہ ماہ کی طرح ہی رہی۔تمام قیمتیں یکم اگست سے لاگو ہوں گی۔گھریلو کھانا پکانے والی گیس کی قیمتوں میں آخری بار اس سال یکم مارچ کو نظر ثانی کی گئی تھی۔اس سے قبل جولائی میں کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں سات روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ تاہم گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔اس اضافے سے پہلے، تجارتی ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں لگاتار دو کٹوتی کی گئی تھی جو اس سال مئی اور جون میں تھی۔مئی میں OMCs نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 172 روپے کی کمی کی تھی، جون میں اس کی قیمت میں 83 روپے کی کمی کی گئی تھی۔ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (IOCL) نے بھی ایوی ایشن ٹربائن فیول (ATF) کی شرح میں 8.5 فیصد اضافہ کیا ہے۔ یہ قیمتیں ہر پندرہ دن بعد نظر ثانی کی جاتی ہیں۔