سرینگر// مٹن میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو گھریلو تشدد کا نشانہ بناکر موت کی نیند سلانے کے خلاف سوموار کو پریس کالونی میںسماجی کارکنوں نے احتجاج کیااور ملوثین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی مظاہرے میں سماجی کارکن انگت سنگھ،لیلیٰ قریشی اور سہیل احمد کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے۔انگت سنگھ نے اس موقعہ پر مطالبہ کیا کہ گھریلو تشدد کی شکار ہوئی خواتین کے جو کیس چل رہے ہیں،انکی فاسٹ ٹریک بنیادوں پر سماعت ہونی چاہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی عدالتوں میں ان کیسوں کو نپٹانے میں5برس لگ جاتے ہیں اور متاثرین کو تاخیر کے ساتھ انصاف ملتا ہے۔ انگت سنگھ نے مزید کہا کہ کیسوں کو نپٹانے کیلئے سرعت سے سماعت ہونی چاہے۔احتجاجی مظاہریے میں شامل لیلیٰ قریشی نے کہا کہ اگر چہ سرکار سمیناروں اور آگاہی پروگراموں میں زر کثیر خرچ کرتی ہے تاہم گھریلو تشدد کی شکار ہوئی خواتین کے حق میں کوئی امداد فراہم نہیں کیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ انہیں اسپتالوں میں طبی معالجہ کیلئے بھی امداد فراہم نہیں کیا جاتا،جس کے نتیجے میں انہیں عمر بھر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ احتجاجی مظاہرین نے یک زباں ہوکر مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایسے لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنا تے ہیں۔