رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کی گگروٹ پنچایت میں رابطہ سڑک گزشتہ 5برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے گائوں کی وسیع آبادی کو دوران آمد ورفت مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پانچ برس قبل شمشان گھاٹ کی جانب جانے والی رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا تاہم 2کلو میٹر رابطہ سڑک کی تعمیر میں پانچ برس کا عرصہ لگ گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے محکمہ ’روڈ اینڈ کنسٹر یکشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ زمینی کٹائی کے بعد کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے سڑک اس وقت ایک عام راستے کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کے 300سے زائد کنبوں کو دوران آمد روفت شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ سے کئی مرتبہ رجوع کرنے کے بعد بھی اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کے آفیسروں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔