عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // پولیس نے ضلع کے گڈورہ علاقے میں کالعدم لشکر طیبہ سے منسلک 2ساتھیوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد برآمد کیا۔مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ پر کارروائی کرتے ہوئے، پلوامہ پولیس نے گڈورہ پلوامہ کے سیب کے باغات میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ سرچ آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوںکے 2 ساتھیوں کو حکمت عملی سے گرفتار کر لیا گیا۔ ان کی شناخت سہیل فردوس ولد فردوس احمد شیخ ساکن پوچھل اور شاہد گل ولد غلام محمد بٹ ساکن واگم پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ان کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد برآمد ہوا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان لشکر طیبہ سے منسلک سرگرم ملی ٹینٹ عاقب شیر گوجری کے ساتھی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گرفتار ساتھی ، عاقب شیر گوجری کے ساتھ مل کر پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کرنے کی سازش میں تھے۔ایف آئی آر نمبر 239/2023 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ پولیس اسٹیشن میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ادھرپولیس نے بڈگام میں ہائبرڈ دہشت گرد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا۔ پولیس نے53آر آر کے ساتھ مل کرپکھر پورہ علاقے میں ایک ہائبرڈ دہشت گرد اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا۔دونوں کی شناخت تنویر احمد بٹ ولدغلام محمد بٹ ساکن کارپورہ چرار شریف (ایک ہائبرڈ دہشت گرد)اور اس کا ساتھی یاور مقبول گنائی ولد محمد مقبول گنائی ساکن کارپورہ چرار شریف کے بطور ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار دونوں ایل ای ٹی/ٹی آر ایف کے بینر تلے پکھر پورہ علاقے میں کام کر رہے تھے۔ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بشمول 1 پستول، 1 پستول میگزین، 9 رانڈز اور دیگر مجرمانہ مواد برآمد ہوا۔قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ چرار شریف میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔