ڈوڈہ//ایس پی آپریشن ڈوڈہ رویندر پال سنگھ نے گوہا مرمت میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں علاقہ کے ایک سو کے قریب معزز شہریوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر مقامی لوگو ں نے پولیس انتظامیہ کے سامنے متعدد مطالبات رکھے جن میں کھلینی تا گوہا سڑک پر بلیک ٹاپ کرنا،علاقہ میں بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا،گوہا مرمت میں کالج کا قیام،پی ایچ سی گوہا مرمت کے لئے ایمبولنس فراہم کرنا،منریگا بقایا جات کی ادائیگی،ڈوڈہ سٹی سے گوہا آر ٹی سی بس سروس شروع کرنا،پولیس پوست گوہا کو پولیس اسٹیشن کا درجہ دینا اور کسانوں کو بروقت بیجوں کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔آپریشن ایس پی نے شرکائے میٹنگ کا یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق اُن کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا جب کہ اُن کے دیگر مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر پورا کروانے کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ پولیس اور عوام میں قریبی رابطہ ہو اور لوگ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔ جب تک شہری سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس کے ساتھ تعاون نہ کریں تب تک پولیس کچھ بھی نہیں کر سکتی۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی معاشرہ میں امن قائم ہو سکتا ہے اورشہریوں کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے سلسلہ میںپولیس سے تعاون کریں تاکہ سماج میں پھیل رہی برائیوں پر روک لگائی جا سکے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا پولیس کا فرضِ اولین ہے،مگر یہ اُسی صورت میں ممکن ہے جب اُسے عوام کو بھر پورتعاون حاصل ہو۔ اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سماجی جرائم کے خاتمہ،منشیات ،غیر قانونی شراب،لکڑی اور جنگلی جڑی بوٹیوں وغیرہ کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں۔اُنہوں نے علاقہ میں آپسی بھائی چارہ کو مزید مضبوط کرنے،امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بنائے رکھنے کی بھی لوگوںسے اپیل کی۔ سول سوسائٹی نے پولیس کی طرف سے اس قسم کی میٹنگوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس سلسلہ کو وسعت دے کر ہر گائوں اور دیہات تک پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ میٹنگ میں سرپنچ فیاض احمد،نیشنل کانفرنس کارکن پردیپ کمار،محمد شبیر سلاریہ،ہنس راج،محمد اقبال میر،اجمل خان اور منجیت سنگھ وغیرہ بھی موجود تھے۔بعدہٗ ایس ایس پی آپریشنز نے گوہا پولیس پوسٹ میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ ایک دربار منعقد کر کے اُنہیں درپیش مسائل اور مشکلات بارے جانکاری حاصل کی۔دربا رمیں پچاس کے قیرب پولیس آفیسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکائے دربار نے بہت ساے مسائل اُجاگر کئے اور اُن کے ازالہ کی ضرورت پر زور دیا۔ایس پی نے اُن کے مسائل کو بغور سُنا اور اُنہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو ایس ایس پی ڈوڈہ کی نوٹس میں لا کر حل کروایا جائے گا۔اُنہوں نے موجود آفیسران اور اہلکاران کو ڈیوٹی اور نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی۔