گول //گول کے مختلف جنگلات میں آگ کی ہولناک وارداتوں کی وجہ سے سرسبزجنگلات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور محکمہ ٹس سے مس نہیں ہو رہا ہے ۔ تقریباً ایک ماہ سے جنگلات کے کئی حصوں کو وقفے وقفے سے آگ لگی اور سرسبز درختوں کو کافی نقصان پہنچا ۔ آج ڈکسر نالہ اور بھیمداسہ کے کئی جگہوں پر جنگلات میں بھیانک آگ لگی ہے ۔ بھیمداسہ میں دو روز سے لگا تار آگ کے شعلوں نے سرسبز درختوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا اور ابھی تک محکمہ کا کوئی بھی اہلکار وہاں تک نہیں گیا ۔ ادھر ڈکسر نالے میں بھی آج شدید آگ لگی ہے اور سرسبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو رہے ہیں، وہیں ساتھ ساتھ نومولود درخت بھی راکھ کے ڈھیر میں بدل رہے ہیں لیکن محکمہ یہاں کی طرف دیکھتا بھی نہیں ہے ۔ ڈکسر نالے جو گول رام بن شاہراہ پر واقعہ جنگل ہے جہاں سے نہ صرف محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا آنا جانا ہوتا ہے بلکہ یہاں سے ضلع و سب ڈویژن انتظامیہ کا بھی گزر رہتا ہے ۔ اگر چہ اس سلسلے میں رینج آفیسر گول سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ میرا یہاں سے تبادلہ ہوا ہے اور میں گول میں تعینات فارسٹر کو اس بارے میں مطلع کروں گا ۔