گول//گول کے دلواہ علاقہ میں آج ایک اور چوٹی کاٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اس دوران پورے دن سب ڈویژن گول میں کئی مقامات پر افرا تفری کا ماحول رہا ۔ یہاں دلواہ علاقہ میں ایک لڑکی فرحینہ بانو دختر عبدالغنی بوہرہ ساکنہ دلواہ شرکنڈی کو اُس وقت چوٹی کاٹی جب وہ مال مویشیوں کے ساتھ تھی ۔ یہ واقعہ سامنے آنے کے ساتھ ہی پورے علاقہ میں دہشت کا ماحول پیدا ہوا اور لوگ گھروں سے باہر آ کر انتظامیہ اور پولیس کے خلاف احتجاج کرنے لگے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ آرمی کے لوگ ہیں جو دہشت پھیلا رہے ہیں اور یہی سب سے بڑی دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو لوگ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے ۔وہیں اس دوران ٹھٹھارکہ میں سکولی بچوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے ٹافی دینے کا واقعہ سامنے آیا اور لوگوں نے کافی شور مچایا اور اس طرح سے پورے علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوا۔ وہیں علاقہ گاگرہ میں کسی نا معلوم شخص کو دیکھا گیا تو لوگ چوکس ہوئے اور پورے علاقہ میں ناکہ بندی کر دی ۔ْوہیں اس طرح کے واقعات رونما ہونے سے سکولوں میں حاضری میں گراوٹ آئی ہے ۔